گلبرگہ26مارچ(ایس او نیوز؍حکیم شاکر)علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے ممتاز قانون دان ، سماجی خدمات گزار اور کانگریسی قائد مسٹرعبدالجبار گولہ ایڈوکیٹ ، رکن لیانڈ ٹریبیونل کمیٹی گلبرگہ کے دوست احباب اور خیر خواہان ،وکلا برادری، ، اور کانگریسی قائیدین کی جانب سے 24مارچ کو خواجہ بندہ نواز ؒ ایوان اردو گلبرگہ میں حلقہ اسمبلی گلبرگہ شمال کے کانگریسی امیدوار کے انتخاب سے متعلقہ ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقدہوا ۔ ابتداء میں ناظم جلسہ مسٹر چندا حسینی اکبر نے جلسہ کے انعقاد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مسٹر عبدالجبار گولہ ایک بہترین قانون دان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین سیاست دان اور سماجی خدمات گزار ہیں ۔وہ حلقہ اسمبلی گلبرگہ شمال سے کانگریس ٹکٹ کے دعوی دار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر جناب جبار گولہ کو ٹکٹ ملتا ہے تو یقیناًہم سب مل کر ان کی کامیابی کے لئے کوشش کریں گے۔ مسٹر بھوپیندر سنگھ ایڈوکیٹ نے مسٹر جبار گولہ کی مقبولیت اور ان کے ملنسارانہ مزاج کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار اسو سی ایشن گلرگہ کے الیکشن کمشنر بننے والے والے پہلے مسلم ایڈوکیٹ ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس ہر مذہب کے لوگوں کو ساتھلے کر چلتی ہے اور عبدالجبار گولہ ایڈوکیٹ بھی ہر مذہب کے لوگوں کے ساتھنہایت دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں ۔ اگر حلقہ اسمبلی گلبرگہ شمال سے انھیں کانگریس کا ٹکٹ ملتا ہے تو ہم سب مل کر ان کا ساتھ دیں گے۔ مسٹر گنگا دھر ایڈوکیٹ نے کہا کہ جبار گولہ خاندانی طور پر ہی سیاست وابستہ ہیں ۔ وہ ٹکٹ کے لئے کوشش کررہے ہیں اور ہم سب مل کر ان کا ساتھ دین تو انھیں ٹکٹ مل سکتا ہے مسرز آننت سونت کاملے ایڈوکیٹ ،ممتاز شہری مقبول احمد،مسٹر بی آر پاٹل سابق صدر نشین بار اسو سی ایشن گلبرگہ، اسحٰق حسین ایڈوکیٹ ،پروفیسر ڈاکٹر خواجہ پاشاہ ،نواب خان فزیکل انسٹرکٹر ، نور الدین فہیم ایڈوکیٹ ،عبدالمنان سینئیر ایڈوکیٹ ، سنتوش کمار پاٹل سابق ڈپٹی مئیر گلبرگہ اورسینئیر جرنلسٹ عزیز اللہ سرمست، خورشید احمد سابق کنٹرولر کے ایس آر ٹی سی نے بھی مسٹر جبار گولہ ایڈوکیٹ کی قائیدانہ صلاحیتوں اور ان کی سماجی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اگر انھیں حلقہ اسمبلی گلبرگہ شمال سے اپنا امیدوار بناتی ہے تو عوام کی اکثریت بلا لحاظ مذہب و ملت انکا ساتھ دے گی ۔بہت سے مقررین کا خیال تھاکہ ملک کو بچانے کے لئے اور دستور ہند کے تحفظ کے لئے کانگریس کو کامیاب کروانا اور اچھے امیدواروں کو منتخب کرکے لانا ضروری ہے ۔ چونکہ مسٹر جبار گولہ لوگوں کے دکھ سکھ میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہتے ہیں۔ اس لیے ایسے قائد کو ٹکٹ ملنا چاہیے اورایسے ہی امیدوار کو ہمیں کامیاب کرواناہوگا۔ مسٹر عبدلجبار ایڈوکیٹ نے اپنی تقریر میں کہاہے کہ کانگریس کا ٹکٹ ملنا یانہیں ملنا یہ دوسری بات ہے لیکن اچھی سوچ رکھنے والے ہمیشہ یہی سوچ رکھتے ہیں کہ شہر کے لئے اچھا قائد ہونا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ قمر الاسلام کی خوبیاں الگ تھیں اور میری صلاحیتیں الگ ہیں ۔ یہ فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ میں کیسا لیڈر ہوں ۔ٹکٹ تو ہر ایک طلبکرتا ہے لیکن گلبرگہ شمال سے ٹکٹ کے بارے میں ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ یہاں سے ایک تعلیم یافتہ اور سیاسی و سماجی سوچ رکھنے والے شخص کو موقع ملنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ ہندوستان کی قیادت میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے بڑے بڑے قانون دان ہمارے ملک کے سیاسی لیڈر رہے ہیں ۔ قیادت کا شوق رکھنے والے کو ریاستی زبان کنڑا سے واقفیت کے ساتھ ساتھ انگریزی سے بھی واقفیت ہونا ضروری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے شہر کے کئی مسائل ہیں ۔ نوجوانوں کے مسائل ہیں ، خواتین کے مسائل ہیں ۔ ہمیں صرف کنڑاکی فکر یا اردو کی فکر یا پھر انگریزی کی فکر نہیں کرنی چاہئے بلکہ ایسے نمائیندہ موقع دینا چاہئے جو بلا امتیاز زبان و مذہب ہماری بھر پور نمائیندگی کرسکے ۔ انھوں نے کہا کہ گلبرگہ گنگا جمنی تہذیب کا مرکز ہے ، اردو زبان کو گہوارہ ہے ، میریتمام ساتھی اور دوست و احباب مختلف مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں ۔ میںیتیم خانہ انجمن الصفا گلبرگہ کے لئے خدمات انجام دے رہا ہوں ۔ لیانڈ ٹریبیونل کا ممبر ہوں ۔ کسی کے ساتھ میں جھگڑوں میں ملوث نہیں ہوں اور نہ مجھ پر کسی بھی قسم کی بد عنوانیوں کے الزامات ہیں ۔ مجھے موقع ملنے پر میں وعدہ کرتا ہوں کہ تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ ہندوستان کا قانون نہایت مضبوط ہے۔ قانون میں مذہبی آزادی ہے ۔ وزیر اعظم مودی صاحب جو 56انچ کا سینہ رکھتے ہیں ، انھوں نے سب کا ساتھ سب کا وکاس کرنے کا دی کیا تھا اور ہر شہری کے اکاؤنٹ میں 15لاکھ روپئے جمع کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا ۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ سب لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ، لیکن یہ سب کچھ نہیں ہوا ۔ مسٹر عبدالجبار گولہ نے تمام حاضرین جلسہ ،شہریان گلبرگہ اور کانگریسی قائیدین سے اپیل کی کہ وہ سوچ سمجھ کا فیصلہ کریں۔